ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 'بھارت جوڑو یاترا' 10 جنوری کو ہوگی پنجاب میں داخل

'بھارت جوڑو یاترا' 10 جنوری کو ہوگی پنجاب میں داخل

Mon, 09 Jan 2023 12:58:53    S.O. News Service

چنڈی گڑھ، 9؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی)  کنیا کماری سے شروع ہونے والی کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی  'بھارت جوڑو یاترا' 10 جنوری کو پنجاب میں داخل ہوگی۔ کانگریس کے ریاستی صدر امریندر سنگھ راجہ واڈنگ، سکریٹری اور ریاستی امور کے انچارج ہریش چودھری اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا 10 جنوری کو شمبھو بارڈر سے پنجاب میں داخل ہوگی اور سری فتح گڑھ صاحب جائے گی۔ راہل گاندھی 11 جنوری کو پنجاب کا سفر شروع کرنے سے پہلے گرودوارہ فتح گڑھ صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اور نفرت کی سیاست کے خلاف ہے۔ یاترا کا مقصد ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور سرمایہ داری جیسے سلگتے ہوئے مسائل کی طرف عوام کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یاترا میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد، فلمی شخصیات، گلوکار، ماہر معاشیات، صنعت کاروں نے شرکت کی ہے۔ انہوں نے پنجابی و غیر مقیم باشندوں سے بھی اس یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

واڈنگ نے کہا کہ 'بھارت جوڑو یاترا' اب تک ملک کی 10 ریاستوں کا احاطہ کر چکی ہے۔ پنجاب کے بعد صرف جموں و کشمیر کا علاقہ رہ جائے گا۔ بھارت جوڑو یاترا سری نگر جاکر ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یاترا کے راستے کا تخمینہ 3570 کلومیٹر تھا جو مکمل ہونے تک 4000 کلومیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر سات دنوں تک پنجاب میں چلے گا اور اس کے آخری پڑاؤ مادھوپور سے جموں و کشمیر میں داخل ہونے سے ایک دن قبل پٹھان کوٹ میں ایک عوامی ریلی نکالی جائے گی۔


Share: